EN हिंदी
نواح جاں میں کسی کے اترنا چاہا تھا | شیح شیری
nawah-e-jaan mein kisi ke utarna chaha tha

غزل

نواح جاں میں کسی کے اترنا چاہا تھا

فراغ روہوی

;

نواح جاں میں کسی کے اترنا چاہا تھا
یہ جرم میں نے بس اک بار کرنا چاہا تھا

جو بت بناؤں گا تیرا تو ہاتھ ہوں گے قلم
یہ جانتے ہوئے جرمانہ بھرنا چاہا تھا

بغیر اس کے بھی اب دیکھیے میں زندہ ہوں
وہ جس کے ساتھ کبھی میں نے مرنا چاہا تھا

شب فراق اجل کی تھی آرزو مجھ کو
یہ روز روز تو میں نے نہ مرنا چاہا تھا

کشید عطر کیا جا رہا ہے اب مجھ سے
کہ مشک بن کے فضا میں بکھرنا چاہا تھا

اس ایک بات پہ ناراض ہیں سبھی سورج
کہ میں نے ان سا افق پر ابھرنا چاہا تھا

لگا رہا ہے جو شرطیں مری اڑانوں پر
مرے پروں کو اسی نے کترنا چاہا تھا

اسی طرف ہے زمانہ بھی آج محو سفر
فراغؔ میں نے جدھر سے گزرنا چاہا تھا