EN हिंदी
نتیجہ کیوں کر اچھا ہو نہ ہو جب تک عمل اچھا | شیح شیری
natija kyunkar achchha ho na ho jab tak amal achchha

غزل

نتیجہ کیوں کر اچھا ہو نہ ہو جب تک عمل اچھا

اسماعیلؔ میرٹھی

;

نتیجہ کیوں کر اچھا ہو نہ ہو جب تک عمل اچھا
نہیں بویا ہے تخم اچھا تو کب پاؤ گے پھل اچھا

کرو مت آج کل حضرت برائی کو ابھی چھوڑو
نہیں جو کام اچھا وہ نہ آج اچھا نہ کل اچھا

برے کو تگ بھی کرنے اور توقع نیک نامی کی
دماغ اپنا سنوارو تم نہیں ہے یہ خلل اچھا

جو ہو جائے خطا کوئی کہ آخر آدمی ہو تم
تو جتنا جلد ممکن ہو کرو اس کا بدل اچھا

کرے جو پاؤں بد راہی تو سونا اس کا بہتر ہے
نہ ہو جس ہاتھ سے نیکی تو ایسا ہاتھ شل اچھا