نشتر سے آرزو کے دل زندگی فگار
خود زندگی وجود کے سینہ میں نوک خار
اے حسن یار تیری تجلی کو کیا ہوا
یہ بے قرار دل مرا اب تک ہے بے قرار
جلووں نے تیرے حسرت نظارہ کو مری
دیکھا کیا ہے ناز تغافل سے بار بار
دل پر نگاہ شوق مزاج جمال پر
حالات و واردات پہ کس کو ہے اختیار
مجھ پر ہوئی نوازش پنہاں کبھی کبھی
محروم ساعتوں کی تمنا ہے سوگوار
اللہ تیرے حسن فروزاں کی پردگی
اک لو سی تھرتھرائی پس چشم اشک بار
کی رہبری خیال لب یار تک مری
اے تشنگیٔ شوق مری زندگی نثار
غزل
نشتر سے آرزو کے دل زندگی فگار
اختر اورینوی