ندی کنارے بیٹھے رہنا اچھا ہے
یا ندی کے پار اترنا اچھا ہے
دستک سی اک دل کے بند کواڑوں پر
چپکے چپکے سنتے رہنا اچھا ہے
یوں ہی گھر میں چپ اور گم سم رہنے سے
گلیوں گلیوں گھومتے پھرنا اچھا ہے
جن لوگوں کی یاد سے آنکھیں بھر آئیں
ان لوگوں کو یاد نہ کرنا اچھا ہے
سانجھ ہوئے جب آنگن جاگنے لگتے ہیں
دل میں یاد کے دیے جلانا اچھا ہے
جی کے روگ کی جب کوئی نہ بات سنے
دیواروں سے باتیں کرنا اچھا ہے
جب آنکھوں میں دل کی اداسی رنگ بھرے
آپ ہی اپنی ہنسی اڑانا اچھا ہے
غزل
ندی کنارے بیٹھے رہنا اچھا ہے
ذالفقار احمد تابش