نا شناسی کا ہمیشہ غم رہا
آئنہ بھی اپنا نامحرم رہا
آگ ہے اس پر ہے یہ بے شعلگی
اپنے جلنے کا عجب عالم رہا
سارے اونچے گھر ہوا کی زد میں تھے
میرا ملبہ تھا جو مستحکم رہا
میں بھی سیل آرزو میں بہہ گیا
وہ بھی غرق گرمیٔ شبنم رہا
ہم گرے بھی تو انا کے غار میں
ٹوٹتے پر بھی وہی دم خم رہا
اب ہے حالیؔ بے نیازی کا خلا
اب کہاں احساس بیش و کم رہا
غزل
نا شناسی کا ہمیشہ غم رہا
علیم اللہ حالی