EN हिंदी
نہ گل سے کام ہے ہم کو نہ کچھ گلزار سے مطلب | شیح شیری
na gul se kaam hai hum ko na kuchh gulzar se matlab

غزل

نہ گل سے کام ہے ہم کو نہ کچھ گلزار سے مطلب

مردان صفی

;

نہ گل سے کام ہے ہم کو نہ کچھ گلزار سے مطلب
بجاں رکھتے ہیں اک ہمدم بدل اک یار سے مطلب

نہ کام عالم سے ہے ہم کو نہ حورالعین جنت سے
ہے اک مدہوش دانا تر بدل‌ ہوشیار سے مطلب

نہ ملت ہے نہ مذہب ہے نہ ہے مطلب کوئی اپنا
وصال یار مذہب ہے اور ہے دیدار سے مطلب

تصور ہے نہ کام اپنا سوا مرشد کی نسبت کے
تجھے ہے ان دنوں اے دل شہ کرار سے مطلب

کہا مکر و مکر اللہ خیر الماکریں جس نے
چھپا خود مجھ کو ظاہر کر ہے اس مکار سے مطلب

میں وہ واصل ہوں دلبر سے کہ دل اپنا ہے وہ دلبر
رہا دل ہی سے کام اپنا اسی غم خوار سے مطلب

نہ ہم یہ ہیں نہ ہم وہ ہیں نہ ہم ہرگز ہیں گوشے میں
غلام قل ہو اللہ ہیں اسی اظہار سے مطلب

نہ کافر ہیں نہ مومن ہیں نہ مسجد ہے نہ مے خانہ
نہ تسبیح و مصلا ہے نہ ہے زنار سے مطلب

نہ ہم آدم نہ حوا ہیں نہ ہم حور و ملک یارو
نہ ہم گنجینہ پنہاں ہیں نہ ہے اظہار سے مطلب

زوال جان و تن ہے یاں نہ حرص ما و من باقی
حباب آب دریا ہیں نہ ہے افطار سے مطلب

نسب ہو یا حسب دونوں مبارک ہوویں زاہد کو
تجھے تو ہے فقط مرداںؔ شۂ ابرار سے مطلب