EN हिंदी
مٹا کے تیرگی تنویر چاہتا ہے دل | شیح شیری
miTa ke tirgi tanwir chahta hai dil

غزل

مٹا کے تیرگی تنویر چاہتا ہے دل

فیاض رشک

;

مٹا کے تیرگی تنویر چاہتا ہے دل
ہر ایک خواب کی تعبیر چاہتا ہے دل

جسے سنبھال کے رکھ لے زمانہ یادوں میں
وہ اپنی ذات کی تصویر چاہتا ہے دل

میں اپنے آپ سے جب جب سوال کرتا ہوں
مرے جواب میں تاثیر چاہتا ہے دل

سخن پیام ہو دنیا کے واسطے کوئی
دلوں کے واسطے تقریر چاہتا ہے دل

نہ چاہتا ہے کہ تیر و کماں کی بات کروں
نہ اپنے ہاتھ میں شمشیر چاہتا ہے دل

تمہیں سے رونقیں قائم ہیں بزم ہستی کی
تمہارے پیار کی جاگیر چاہتا ہے دل

وہ جس پہ رشک کرے ہر کوئی زمانے میں
قلم کی شوخیٔ تحریر چاہتا ہے دل