EN हिंदी
مری شاکی ہے خود میری فغاں تک | شیح شیری
meri shaki hai KHud meri fughan tak

غزل

مری شاکی ہے خود میری فغاں تک

جلالؔ لکھنوی

;

مری شاکی ہے خود میری فغاں تک
کہ تالو سے نہیں لگتی زباں تک

کوئی حسرت ہی لے آئے منا کر
مرے روٹھے ہوئے دل کو یہاں تک

جگہ کیا درد کی بھی چھین لے گا
جگر کا داغ پھیلے گا کہاں تک

اثر نالوں میں جو تھا وہ بھی کھویا
بہت پچھتائے جا کر آسماں تک

فلک تیرے جگر کے داغ ہیں ہم
مٹائے جا مٹانا ہے جہاں تک

وہ کیا پہلو میں بیٹھے اٹھ گئے کیا
نہ لیں جلدی میں دو اک چٹکیاں تک

کوئی مانگے تو آ کر منتظر ہے
لیے تھوڑی سی جان اک نیم جاں تک

اٹھانے سے اجل کے میں نہ اٹھتا
وہ آتے تو کبھی مجھ ناتواں تک

جلالؔ نالہ کش چپکا نہ ہوگا
وہ دے کر دیکھ لیں منہ میں زباں تک