EN हिंदी
آئے ہیں میرؔ منہ کو بنائے خفا سے آج | شیح شیری
aae hain mir munh ko banae KHafa se aaj

غزل

آئے ہیں میرؔ منہ کو بنائے خفا سے آج

میر تقی میر

;

آئے ہیں میرؔ منہ کو بنائے خفا سے آج
شاید بگڑ گئی ہے کچھ اس بے وفا سے آج

واشد ہوئی نہ دل کو فقیروں کے بھی ملے
کھلتی نہیں گرہ یہ کسو کی دعا سے آج

جینے میں اختیار نہیں ورنہ ہم نشیں
ہم چاہتے ہیں موت تو اپنی خدا سے آج

ساقی ٹک ایک موسم گل کی طرف بھی دیکھ
ٹپکا پڑے ہے رنگ چمن میں ہوا سے آج

تھا جی میں اس سے ملیے تو کیا کیا نہ کہیے میرؔ
پر کچھ کہا گیا نہ غم دل حیا سے آج