EN हिंदी
میرے جیسے بن جاؤ گے جب عشق تمہیں ہو جائے گا | شیح شیری
mere jaise ban jaoge jab ishq tumhein ho jaega

غزل

میرے جیسے بن جاؤ گے جب عشق تمہیں ہو جائے گا

سعید راہی

;

میرے جیسے بن جاؤ گے جب عشق تمہیں ہو جائے گا
دیواروں سے سر ٹکراؤگے جب عشق تمہیں ہو جائے گا

ہر بات گوارا کر لو گے منت بھی اتارا کر لو گے
تعویذیں بھی بندھواؤ گے جب عشق تمہیں ہو جائے گا

تنہائی کے جھولے کھولیں گے ہر بات پرانی بھولیں گے
آئینے سے تم گھبراؤگے جب عشق تمہیں ہو جائے گا

جب سورج بھی کھو جائے گا اور چاند کہیں سو جائے گا
تم بھی گھر دیر سے آؤ گے جب عشق تمہیں ہو جائے گا

بے چینی بڑھ جائے گی اور یاد کسی کی آئے گی
تم میری غزلیں گاؤ گے جب عشق تمہیں ہو جائے گا