EN हिंदी
مزا بے ہوشیٔ الفت کا ہوشیاروں سے مت پوچھو | شیح شیری
maza be-hoshi-e-ulfat ka hoshyaron se mat puchho

غزل

مزا بے ہوشیٔ الفت کا ہوشیاروں سے مت پوچھو

میر حسن

;

مزا بے ہوشیٔ الفت کا ہوشیاروں سے مت پوچھو
عزیزاں خواب کی لذت کو بے داروں سے مت پوچھو

ہمیں کچھ دخل ان باتوں میں سنتے ہو نہیں مطلق
حقیقت بے وفائی کی وفاداروں سے مت پوچھو

جو پوچھو تو عزیزاں دل سے پوچھو یا کہ تم ہم سے
ہماری اور اس کی بات اغیاروں سے مت پوچھو

گئے وے دن جو رہتے تھے جہاں آباد میں ہم بھی
خرابی شہر کی صحرا کے آواروں سے مت پوچھو

گلوں کو کب خبر ہے حال زار عندلیبوں سے
حقیقت مفلسوں کی آہ زر داروں سے مت پوچھو

وہ دل رکھتے ہیں اپنا پاس اپنے بلکہ غیروں کا
حقیقت بے دلوں کی آہ دل داروں سے مت پوچھو

خبر دل کی اگرچہ ہو مرے اشکوں سے تم سن لو
یہ واقف خوب ہیں اس گھر سے ہرکاروں سے مت پوچھو

انھوں کا جل رہا ہے دل خدا جانے کہ کیا بولیں
مرا احوال کوئی میرے غم خواروں سے مت پوچھو

یہ اپنے حال ہی میں مست ہیں ان کو کسی سے کیا
خبر دنیا وما فیہا کی مے خواروں سے مت پوچھو

ہوا ہے ان دنوں وہ آشناؤں سے بھی بیگانہ
خرابی کو حسنؔ کی آج کل یاروں سے مت پوچھو