EN हिंदी
میں ہم نفساں جسم ہوں وہ جاں کی طرح تھا | شیح شیری
main ham-nafasan jism hun wo jaan ki tarah tha

غزل

میں ہم نفساں جسم ہوں وہ جاں کی طرح تھا

سجاد باقر رضوی

;

میں ہم نفساں جسم ہوں وہ جاں کی طرح تھا
میں درد ہوں وہ درد کے عنواں کی طرح تھا

تو کون تھا کیا تھا کہ برس گزرے پہ اب بھی
محسوس یہ ہوتا ہے رگ جاں کی طرح تھا

جس کے لیے کانٹا سا چبھا کرتا تھا دل میں
پہلو میں وہ آیا تو گلستاں کی طرح تھا

اک عمر الجھتا رہا دنیا کی ہوا سے
کیا میں بھی ترے کاکل پیچاں کی طرح تھا

جینا تو غضب ہے مگر اے عمر عجب ہے
تجھ کو تو خبر ہے وہ مری جاں کی طرح تھا

اے رات کے اندھیارے میں جاگے ہوئے لمحو!
ڈھونڈو اسے وہ خواب پریشاں کی طرح تھا

مٹی کو یہاں پاؤں پکڑنا نہیں آتا
میں شہر میں بھی گرد کے طوفاں کی طرح تھا

لو حرف غزل بن کے نمایاں ہوا باقرؔ
کل رمز صفت معنیٔ پنہاں کی طرح تھا