میں ایک کانچ کا پیکر وہ شخص پتھر تھا
سو پاش پاش تو ہونا مرا مقدر تھا
تمام رات سحر کی دعائیں مانگی تھیں
کھلی جو آنکھ تو سورج ہمارے سر پر تھا
چراغ راہ محبت ہی بن گئے ہوتے
تمام عمر کا جلنا اگر مقدر تھا
فصیل شہر پہ کتنے چراغ تھے روشن
سیاہ رات کا پہرا دلوں کے اندر تھا
اگرچہ خانہ بدوشی ہے خوشبوؤں کا مزاج
مرا مکان تو کل رات بھی معطر تھا
سمندروں کے سفر میں وہ پیاس کا عالم
کہ فرش آب پہ اک کربلا کا منظر تھا
اسی سبب تو بڑھا اعتبار لغزش پا
ہمارا جوش جنوں آگہی کا رہبر تھا
جو ماہتاب حصار شب سیاہ میں ہے
کبھی وہ رات کے سینے پہ مثل خنجر تھا
میں اس زمیں کے لیے پھول چن رہا ہوں رئیسؔ
مرا نصیب جہاں بے اماں سمندر تھا
غزل
میں ایک کانچ کا پیکر وہ شخص پتھر تھا
رئیس وارثی