EN हिंदी
مد نظر نہیں ہے فقط مہرباں کی خیر | شیح شیری
madd-e-nazar nahin hai faqat mehrban ki KHair

غزل

مد نظر نہیں ہے فقط مہرباں کی خیر

منظور احمد منظور

;

مد نظر نہیں ہے فقط مہرباں کی خیر
شامل مری دعا میں دل دشمناں کی خیر

فرصت ملے تو اپنی زمیں کی خبر بھی لے
اے رب ذو الجلال ترے آسماں کی خیر

جوش جنوں میں پیش نظر مصلحت بھی تھی
سجدے کیے ہیں مانگ کے اس آستاں کی خیر

ہر انس و جاں نے آنکھ کڑے وقت پھیر لی
ہم تھے کہ مانگتے رہے ہر انس‌ و جاں کی خیر

یخ بار سرد مہری انساں سے کائنات
اس ارض‌ زمہریر میں قلب تپاں کی خیر

انساں کا ہاتھ ان کی طرف بھی دراز ہے
پاکیزگیٔ حسن مہ و کہکشاں کی خیر

ٹوٹا ہے دل جراحت چارہ گراں کا شکر
ٹوٹا ہے جام نیت شیشہ گراں کی خیر

یہ شاخ‌ سر برہنہ یہ جھکڑ یہ رقص برق
منظورؔ خیر خیر ترے آشیاں کی خیر