کسی کے ساتھ نہ ہونے کے دکھ بھی جھیلے ہیں
کسی کے ساتھ مگر اور بھی اکیلے ہیں
اب اس کے بعد نہ جانے نصیب میں کیا ہے
نہ ساتھ آؤ ہمارے بہت جھمیلے ہیں
کہاں ہے یاد ملا کوئی کب تو کب بچھڑا
ہم اپنے دھیان سے اترے ہوئے سے میلے ہیں
کہو نہ مجھ سے کہ چلتے ہیں اب ملیں گے پھر
یہ کھیل وہ ہیں کہ صدیوں سے لوگ کھیلے ہیں
جو گھر میں جاؤں تو آواز تک نہیں کوئی
گلی میں آؤں تو ہر سو صدا کے ریلے ہیں
جو لوگ بھول بھلیاں ہیں تلخؔ اب اپنی
نہیں وہ صرف اکیلے بہت اکیلے ہیں

غزل
کسی کے ساتھ نہ ہونے کے دکھ بھی جھیلے ہیں
منموہن تلخ