کسی کا دل کو رہا انتظار ساری رات
فلک کو دیکھا کئے بار بار ساری رات
تڑپ تڑپ کے تمنا میں کروٹیں بدلیں
نہ پایا دل نے ہمارے قرار ساری رات
ادھر تو شمع تھی گریاں ادھر تھے ہم گریاں
اسی طرح پہ رہے اشک بار ساری رات
خیال شمع رخ یار میں جلے تا صبح
لیا قرار نہ پروانہ وار ساری رات
نہ پوچھ سوز جدائی کو ہم سے اے ہم دم
جلا کیا یہ دل داغ دار ساری رات
مژہ کے عشق سے آئی نہ نیند آنکھوں میں
نظر کھٹکتی رہی بن کے خار ساری رات
خیال زلف سیہ میں بہا کئے آنسو
بندھا رہا مرے رونے کا تار ساری رات
نہ پوچھ ہم سے اثرؔ رات کس طرح کاٹی
عجب طرح کا رہا انتشار ساری رات
غزل
کسی کا دل کو رہا انتظار ساری رات
امداد امام اثرؔ