EN हिंदी
خلوص سجدہ ہر اک حال میں مقدم ہے | شیح شیری
KHulus-e-sajda har ek haal mein muqaddam hai

غزل

خلوص سجدہ ہر اک حال میں مقدم ہے

شارب لکھنوی

;

خلوص سجدہ ہر اک حال میں مقدم ہے
وہیں پہ دل بھی جھکا دے جہاں جبیں خم ہے

ہزار جلووں سے پر نور بزم عالم ہے
مگر چراغ محبت کی روشنی کم ہے

ہمارے حال پریشاں پہ مسکرا دینا
بڑا لطیف یہ انداز پرسش‌‌ غم ہے

حیات عشق امیدوں پہ کاٹنے والو
خبر بھی ہے کہ امیدوں کی زندگی کم ہے

قفس میں تھے تو چمن کے لئے تڑپتے تھے
چمن میں آئے تو اہل چمن کا ماتم ہے

بشر کے در پہ جبین بشر کا جھک جانا
قسم خدا کی یہ توہین ابن آدم ہے

وہ دل چرا کے نگاہوں سے چھپ گئے شاربؔ
نگاہ و دل سے مگر فاصلہ بہت کم ہے