EN हिंदी
کھڑکیوں سے جھانک کر گلیوں میں ڈر دیکھا کیے | شیح شیری
khiDkiyon se jhank kar galiyon mein Dar dekha kiye

غزل

کھڑکیوں سے جھانک کر گلیوں میں ڈر دیکھا کیے

محمد علوی

;

کھڑکیوں سے جھانک کر گلیوں میں ڈر دیکھا کیے
گھر میں بیٹھے رات دن دیوار و در دیکھا کیے

ایسا منظر تھا کہ آنکھیں دیکھ کر پتھرا گئیں
پھر نہ دیکھا کچھ مگر نیزوں پہ سر دیکھا کیے

رات بھر سوچا کیے اور صبح دم اخبار میں
اپنے ہاتھوں اپنے مرنے کی خبر دیکھا کیے

ایک تارا ناگہاں چمکا گرا اور بجھ گیا
پھر نہ آئی نیند تارے رات بھر دیکھا کیے

وہ تو خوابوں میں بھی خوشبو کی طرح آتا رہا
پھول کی مانند اس کو ہم مگر دیکھا کیے

کون تھا وہ کب ملا تھا کیا پتہ علویؔ مگر
دیر تک ہم اس کو آنکھیں موند کر دیکھا کیے