کھنڈر میں دفن ہوئی ہیں عمارتیں کیا کیا
لکھی ہیں کتبۂ دل پر عبارتیں کیا کیا
حصار برف میں رہنا کبھی سرابوں میں
سفر کے شوق نے سونپی سفارتیں کیا کیا
تلاش لفظ میں عمروں کی کاوشوں کا ثمر
اندھیرے غار میں گھومیں بصارتیں کیا کیا
کہیں بدن کے ہیں سودے کہیں ضمیروں کے
ہوئی ہیں شہر میں اب کے تجارتیں کیا کیا
سویرے آنکھ کھلی تو نظر میں کچھ بھی نہ تھا
خیال و خواب میں پائیں بشارتیں کیا کیا
دیار زر سے متاع انا بچا لائے
نظر نظر میں بھری تھیں حقارتیں کیا کیا
تن شکستہ کی تعمیر کے لیے راسخؔ
عمل میں لائی گئی ہیں مہارتیں کیا کیا
غزل
کھنڈر میں دفن ہوئی ہیں عمارتیں کیا کیا
راسخ عرفانی