EN हिंदी
خموش اس لئے ہم ہیں کہ بات گھر کی ہے | شیح شیری
KHamosh is liye hum hain ki baat ghar ki hai

غزل

خموش اس لئے ہم ہیں کہ بات گھر کی ہے

نواب احسن

;

خموش اس لئے ہم ہیں کہ بات گھر کی ہے
ابھی یہ دیکھ رہے ہیں ہوا کدھر کی ہے

بجھے چراغ تو احساس کرب جاگ اٹھا
نہ جانے کیسے پرندوں نے شب بسر کی ہے

ہمارے بچوں کے دل میں سلگ رہے ہیں الاؤ
یہ آگ بجھ نہیں پائے گی عمر بھر کی ہے

نہا اٹھیں گے ابھی لوگ بے سبب خوں میں
یہ جنگ صرف ہمارے ہی ایک سر کی ہے

نہ تم کہو گے تو خنجر پکار اٹھے گا
لہو میں کس کے یہ پھر آستین تر کی ہے

برہنہ کانٹوں پہ بستر بچھا دیا میں نے
تو بھول جا کہ مری آرزو سفر کی ہے

پناہ دھوپ سے احسنؔ جو دے سکے سب کو
ضرورت آج یہاں ایسے اک شجر کی ہے