کٹ نہ پائے یہ فاصلے بھی اگر
اور اس پر یہ رابطے بھی اگر
جو تمہاری طرف نہیں کھلتے
بند نکلے وہ راستے بھی اگر
خیر ہو تیری بے نیازی کی
اب نہیں خود پرست تھے بھی اگر
کیا کریں گے سوائے خواہش کے
مہلت یک نفس ملے بھی اگر
عمر بھر کے زیاں کا مول نہیں
چند لمحے چرا لیے بھی اگر
خوں بہا کون دے گا جذبوں کا
بعد مرنے کے جی اٹھے بھی اگر
کون سمجھے گا استعاروں کو
کچھ نہ بولیں گے حاشیے بھی اگر

غزل
کٹ نہ پائے یہ فاصلے بھی اگر
شکیل جاذب