کر لیا دن میں کام آٹھ سے پانچ
اب چلے دور جام آٹھ سے پانچ
چاند ہے اور آسمان ہے صاف
رہیے بالائے بام آٹھ سے پانچ
اب تو ہم بن گئے ہیں ایک مشین
اب ہمارا ہے نام آٹھ سے پانچ
شعر کیا شاعری کے بارے میں
سوچنا بھی حرام آٹھ سے پانچ
کچھ خریدیں تو بھاؤ پانچ کے آٹھ
اور بیچیں تو دام آٹھ سے پانچ
وہ ملے بھی تو بس یہ پوچھیں گے
کچھ ملا کام وام آٹھ سے پانچ
صحبت اہل ذوق ہے باصرؔ
اب سناؤ کلام آٹھ سے پانچ
غزل
کر لیا دن میں کام آٹھ سے پانچ
باصر سلطان کاظمی