EN हिंदी
کبھی سر پہ چڑھے کبھی سر سے گزرے کبھی پاؤں آن گرے دریا | شیح شیری
kabhi sar pe chaDhe kabhi sar se guzre kabhi panw aan gire dariya

غزل

کبھی سر پہ چڑھے کبھی سر سے گزرے کبھی پاؤں آن گرے دریا

علی اکبر عباس

;

کبھی سر پہ چڑھے کبھی سر سے گزرے کبھی پاؤں آن گرے دریا
کبھی مجھے بہا کر لے جائے کبھی مجھ میں آن بہے دریا

گاتا ہوں میرے سر میں سر مل جائے اس کی لہروں کا
میری آنکھ میں آنسو دیکھے تو پھر اپنی آنکھ بھرے دریا

میں اپنی اسے سناتا ہوں وہ اپنی مجھے سناتا ہے
میں چپ تو وہ بھی چپ ہے اور میں کہوں تو بات کہے دریا

کہیں برف لپیٹے بیٹھا ہے کہیں ریت بچھا کر لیٹا ہے
کبھی جنگل میں ڈیرا ڈالے کبھی بستی آن بسے دریا

اے دریا! تیرا پاٹ بڑا، اے دریا! تیرا زور بڑا
اے دریا! گم ہو کر تجھ میں قطرے کا نام پڑے دریا

اے شاعر! تیرا درد بڑا اے شاعر! تیری سوچ بڑی
اے شاعر! تیرے سینے میں اس جیسا لاکھ بہے دریا