EN हिंदी
جو مرغ قبلہ نما بن کے آشیاں سے چلے | شیح شیری
jo murgh-e-qibla-numa ban ke aashiyan se chale

غزل

جو مرغ قبلہ نما بن کے آشیاں سے چلے

شاد لکھنوی

;

جو مرغ قبلہ نما بن کے آشیاں سے چلے
تڑپ تڑپ کے وہیں رہ گئے جہاں سے چلے

جگر شگاف ہو یا دل ہو چاک وحشت سے
جنوں میں جامۂ تن دیکھیے کہاں سے چلے

جو مر کے ریگ رواں بھی بنے ضعیفی میں
یہاں پہ رہ گئے ہم ناتواں وہاں سے چلے

ثبات جامۂ ہستی ہو خاک پیری میں
جو پیرہن ہو پرانا بہت کہاں سے چلے

وہاں سے آئے اکیلے تھے نامرادانہ
ہزار حسرت و ارماں لیے یہاں سے چلے

مرا ترا کی طرح شادؔ یہ بھی ایطا ہے
یہ قافیہ نہ نہیں سے چلے نہ ہاں سے چلے