EN हिंदी
جسم میں خواہش نہ تھی احساس میں کانٹا نہ تھا | شیح شیری
jism mein KHwahish na thi ehsas mein kanTa na tha

غزل

جسم میں خواہش نہ تھی احساس میں کانٹا نہ تھا

بمل کرشن اشک

;

جسم میں خواہش نہ تھی احساس میں کانٹا نہ تھا
اس طرح جاگا کہ جیسے رات بھر سویا نہ تھا

اب یہی دکھ ہے ہمیں میں تھی کمی اس میں نہ تھی
اس کو چاہا تھا مگر اپنی طرح چاہا نہ تھا

جانے والے وقت نے دیکھا تھا مڑ کر ایک بار
گو ہمیں پہچانتا کم تھا مگر بھولا نہ تھا

ہم بہت کافی تھے اپنے واسطے جیسے بھی تھے
کوئی ہم سا دوست کوئی ہم سا بیگانہ نہ تھا

اجنبی راہیں نہ جانے کس طرح آواز دیں
جب سفر پر چل پڑے تھے کس لیے سوچا نہ تھا

پاؤں کا چکر لیے پھرتا رہے گا دوستو
اور پھر سوچو گے اپنے شہر میں کیا کیا نہ تھا

ہم بھی ان راتوں میں تھالی پر دیا رکھ کر چلے
جب شوالے کی عمارت کا کوئی در وا نہ تھا

فرض کی منزل نے میری گمرہی بھی چھین لی
ورنہ اشکؔ اس رستی بستی راہ میں کیا کیا نہ تھا