EN हिंदी
جب پھیل کے ویرانوں سے ویرانے ملیں گے | شیح شیری
jab phail ke viranon se virane milenge

غزل

جب پھیل کے ویرانوں سے ویرانے ملیں گے

اعزاز افصل

;

جب پھیل کے ویرانوں سے ویرانے ملیں گے
دل کھول کے دیوانوں سے دیوانے ملیں گے

اے کوئے خموشی کی طرف بھاگنے والو
ہر گام پہ افسانے ہی افسانے ملیں گے

زنجیر لئے ہاتھوں میں کچھ سوچ رہے ہیں
زنداں میں بہت ایسے بھی دیوانے ملیں گے

جو گرمئ محفل سے جلا لیتے ہیں شمعیں
پروانوں میں کچھ ایسے بھی پروانے ملیں گے

ہاں دیکھ ذرا پھیل کے اے تشنگیٔ شوق
ہر جام میں سمٹے ہوئے مے خانے ملیں گے