EN हिंदी
جب خسارے ہی کا سرمایہ ہوں میں | شیح شیری
jab KHasare hi ka sarmaya hun main

غزل

جب خسارے ہی کا سرمایہ ہوں میں

اسحاق وردگ

;

جب خسارے ہی کا سرمایہ ہوں میں
پھر زمیں پر کس لیے آیا ہوں میں

ٹوٹے کرداروں کا ملبہ جوڑ کر
اک نیا قصہ بنا لایا ہوں میں

خواب تک تو ٹھیک تھا لیکن میاں
جاگنے کے بعد گھبرایا ہوں میں

جس کی بنیادوں میں شب کا حسن ہے
ایسی کالی دھوپ کا سایہ ہوں میں

اپنی ہی مرضی سے واپس جانے دے
دیکھ تیرے حکم پر آیا ہوں میں

اے پشاور آخری کوشش ہے یہ
خواب سے اک فاختہ لایا ہوں میں