جانے والوں سے رابطہ رکھنا
دوستو رسم فاتحہ رکھنا
گھر کی تعمیر چاہے جیسی ہو
اس میں رونے کی کچھ جگہ رکھنا
مسجدیں ہیں نمازیوں کے لیے
اپنے گھر میں کہیں خدا رکھنا
جسم میں پھیلنے لگا ہے شہر
اپنی تنہائیاں بچا رکھنا
ملنا جلنا جہاں ضروری ہے
ملنے جلنے کا حوصلہ رکھنا
عمر کرنے کو ہے پچاس کو پار
کون ہے کس جگہ پتا رکھنا
غزل
جانے والوں سے رابطہ رکھنا
ندا فاضلی