EN हिंदी
اک شخص رات بند قبا کھولتا رہا | شیح شیری
ek shaKHs raat band-e-qaba kholta raha

غزل

اک شخص رات بند قبا کھولتا رہا

ظہیر کاشمیری

;

اک شخص رات بند قبا کھولتا رہا
شب کی سیاہیوں میں شفق گھولتا رہا

تنہائیوں میں آتی رہی جب بھی اس کی یاد
سایہ سا اک قریب مرے ڈولتا رہا

حسن بہار خوب مگر دیدۂ بہار
موتی چمن کی خاک پہ کیوں رولتا رہا

اس نے سکوت کو بھی تکلم سمجھ لیا
کچھ اس ادائے خاص سے دل بولتا رہا

ہجراں کی رات مشغلۂ دل نہ پوچھئے
اس زلف خم بہ خم کی گرہ کھولتا رہا

ہم کشتگان خواب گراں گوش ہی رہے
سورج سروں پہ وقت سحر بولتا رہا

اس راہ جذب سے بھی گزرنا پڑا ظہیرؔ
جس راہ میں خرد کا قدم ڈولتا رہا