EN हिंदी
اک شجر ایسا محبت کا لگایا جائے | شیح شیری
ek shajar aisa mohabbat ka lagaya jae

غزل

اک شجر ایسا محبت کا لگایا جائے

ظفر زیدی

;

اک شجر ایسا محبت کا لگایا جائے
جس کا ہمسائے کے آنگن میں بھی سایا جائے

یہ بھی ممکن ہے بتا دے وہ کوئی کام کی بات
اک نجومی کو چلو ہاتھ دکھایا جائے

دیکھنا یہ ہے کہ کون آتا ہے سایہ بن کر
دھوپ میں بیٹھ کے لوگوں کو بلایا جائے

یا مری زیست کے آثار نمایاں کر دے
یا بتا دے کہ تجھے کیسے بھلایا جائے

اس کے احسان سے انکار نہیں ہے لیکن
نقش پانی پہ ظفرؔ کیسے بنایا جائے