EN हिंदी
اک عکس دل کے تٹ سے بے اختیار پھوٹے | شیح شیری
ek aks dil ke taT se be-iKHtiyar phuTe

غزل

اک عکس دل کے تٹ سے بے اختیار پھوٹے

ناصر شہزاد

;

اک عکس دل کے تٹ سے بے اختیار پھوٹے
جب چاند اس نگر کی جھیلوں کے پار پھوٹے

صدقہ اتارنے کو تیرے مدھر نین کا
ابھرے کئی ستارے غنچے ہزار پھوٹے

وہ اور میں ندی کے نغموں پہ بہتی ناؤ
ناؤ میں اس کے مکھ سے اجلا نکھار پھوٹے

کانوں میں اب بھی کھنکیں گجرے ترے گجردم
اس گھر سے جب دھوئیں کا نیلا غبار پھوٹے

مجھ کو جھلا رہے ہیں گیتوں کے جھولنے میں
نغمے جو پائلوں کے سپنوں کے دوار پھوٹے

اس سانولے بدن پر مہکیں خنک سویرے
ان مست انکھڑیوں سے رنگوں کی پھوار پھوٹے

مت رو پھر آؤں گا میں پربت پہ تجھ سے ملنے
جب برف زار پگھلے جب آبشار پھوٹے