EN हिंदी
اک آہ زیر لب کے گنہ گار ہو گئے | شیح شیری
ek aah-e-zer-e-lab ke gunahgar ho gae

غزل

اک آہ زیر لب کے گنہ گار ہو گئے

علی جواد زیدی

;

اک آہ زیر لب کے گنہ گار ہو گئے
اب ہم بھی داخل صف اغیار ہو گئے

جس درد کو سمجھتے تھے ہم ان کا فیض خاص
اس درد کے بھی لاکھ خریدار ہو گئے

جن حوصلوں سے میرا جنوں مطمئن نہ تھا
وہ حوصلے زمانے کے معیار ہو گئے

ہر وعدہ جیسے حرف غلط تھا سراب تھا
ہم تو نثار جرأت انکار ہو گئے

سرسبز پتیوں کا لہو چوس چوس کر
کتنے ہی پھول رونق گلزار ہو گئے

زیدیؔ نے تازہ شعر سنائے برنگ خاص
ہم بھی خدائے شوخیٔ افکار ہو گئے