حسن کی بے وفائیاں توبہ
عشق کی سر گرانیاں توبہ
مضمحل قلب منتشر ایماں
مضطرب نوجوانیاں توبہ
ہے رعونت کا آئینہ ششدر
اف تری خود نمائیاں توبہ
ایک بے نام سی خلش شاید
اور خرد کی گواہیاں توبہ
راستے ہیں جنوں کے ملتی ہیں
اونچی نیچی سی کھائیاں توبہ
لب کشمیر پر مچلتی ہیں
کچھ سلگتی کہانیاں توبہ
اجنبی رہگزر میں بکھری ہیں
زندگی کی نشانیاں توبہ
آندھیوں میں چراغ روشن ہیں
عقل کی مہربانیاں توبہ
وہ مہکتے ہوئے خیال مرے
وہ تری بدگمانیاں توبہ
آرزو کا عزیزؔ تاج محل
زندگی کی تباہیاں توبہ
غزل
حسن کی بے وفائیاں توبہ
عزیز بدایونی