EN हिंदी
حیات ہے کہ مسلسل سفر کا عالم ہے | شیح شیری
hayat hai ki musalsal safar ka aalam hai

غزل

حیات ہے کہ مسلسل سفر کا عالم ہے

نریش کمار شاد

;

حیات ہے کہ مسلسل سفر کا عالم ہے
ہر ایک سانس میں وحشی غزال کا رم ہے

جہاں ازل سے گھٹا ٹوپ ظلمتیں ہیں محیط
وہاں بھی آج فروزاں نگاہ آدم ہے

انہیں کے خون سے دمکے گا کل رخ گیتی
حیات جن کے لئے آج ساغر سم ہے

اسی کی آنچ سے پگھلے گا زندگی کا جمود
جو سوز آج بظاہر دلوں میں کم کم ہے

جہان سوز ہے میرے خنک ترانوں میں
میں وہ شرار ہوں جس پر ردائے شبنم ہے

نہ جانے جاگ اٹھے شادؔ کب نصیب جہاں
بہت دنوں سے مزاج حیات برہم ہے