حرف دل نارسا ہے ترے شہر میں
ہر صدا بے صدا ہے ترے شہر میں
کوئی خوشبو کی جھنکار سنتا نہیں
کون سا گل کھلا ہے ترے شہر میں
کب دھنک سو گئی کب ستارے بجھے
کوئی کب سوچتا ہے ترے شہر میں
اب چناروں پہ بھی آگ کھلنے لگی
زخم لو دے رہا ہے ترے شہر میں
جتنے پتے تھے سب ہی ہوا دے گئے
کس پہ تکیہ رہا ہے ترے شہر میں
ایک درد جدائی کا غم کیا کریں
کس مرض کی دوا ہے ترے شہر میں
اب کسی شہر کی چاہ باقی نہیں
دل کچھ ایسا دکھا ہے ترے شہر میں
غزل
حرف دل نارسا ہے ترے شہر میں
مظہر امام