حرم کی راہ میں ساقی کا گھر بھی آتا ہے
سفر میں لمحۂ ترک سفر بھی آتا ہے
تجھے کہ پردہ نشیں یہ ہنر بھی آتا ہے
نظر بھی آتا نہیں اور نظر بھی آتا ہے
دبی دبی سی زباں میں یہ پوچھنا قاصد
کبھی خیال میں آشفتہ سر بھی آتا ہے
تمہاری بات ہے کچھ اور یوں تو آنے کو
غریب خانے پہ اکثر قمر بھی آتا ہے
غموں کی شام ہے بے شک مگر اداس نہ ہو
بشکل شام پیام سحر بھی آتا ہے
مری تباہی کا باعث مرا نصیب سہی
مگر یہ حرف تری ذات پر بھی آتا ہے
جواب خط کی تو امید احتشامؔ کجا
یہ دیکھ لوٹ کے پیغامبر بھی آتا ہے
غزل
حرم کی راہ میں ساقی کا گھر بھی آتا ہے
قاضی احتشام بچھرونی