ہر خوشی تیرے نام کی میں نے
وار دی تجھ پہ زندگی میں نے
اک پیادے نے مات شاہ کو دی
چال ایسی بھی اک چلی میں نے
وقت بھی مختصر تھا اس کے پاس
بات بھی مختصر سی کی میں نے
جو خلوص و وفا کے پیکر ہیں
کم ہی دیکھے ہیں آدمی میں نے
آنکھ نے جب کبھی بغاوت کی
تیری تصویر دیکھ لی میں نے
کاش پوچھے کبھی مجھے آ کر
چھوڑ دی کیوں تری گلی میں نے
صبح ضو روز پوچھتی ہے مجھے
کس طرح شب گزار دی میں نے
مجھ کو ثروت کی یاد آئی ہے
ریل دیکھی ہے جب کبھی میں نے
اب مری لاش سے سوال کرو
کس طرح کی ہے خودکشی میں نے
میری چوکھٹ پہ غم چلا آیا
سونپ دی اس کو ہر خوشی میں نے
وصل کو خود پہ اوڑھ کے انصرؔ
ہجر کی داستاں لکھی میں نے

غزل
ہر خوشی تیرے نام کی میں نے
راشد قیوم انصر