EN हिंदी
ہم خاک بہ سر گرد سفر ڈھونڈ رہے ہیں | شیح شیری
hum KHak-ba-sar gard-e-safar DhunD rahe hain

غزل

ہم خاک بہ سر گرد سفر ڈھونڈ رہے ہیں

اسحاق وردگ

;

ہم خاک بہ سر گرد سفر ڈھونڈ رہے ہیں
اور لوگ سمجھتے ہیں کہ گھر ڈھونڈ رہے ہیں

دیوانوں کے مانند مرے شہر کے سب لوگ
دستار کے قابل کوئی سر ڈھونڈ رہے ہیں

اب شام ہے تو شہر میں گاؤں کے پرندے
رہنے کے لیے کوئی شجر ڈھونڈ رہے ہیں

جو دل کے نہاں خانوں میں رہتا ہے ہمیشہ
یہ لوگ اسے آج کدھر ڈھونڈ رہے ہیں

گلیوں میں جو پھرتے ہیں یہ مانوس سے چہرے
ڈھلتی ہوئی تہذیب کے گھر ڈھونڈ رہے ہیں

افسردہ سے چہروں پہ بڑی دیر سے ہم لوگ
اک کھویا ہوا دست ہنر ڈھونڈ رہے ہیں