ہے داغ داغ مرا دل مگر ملول نہیں
تمام عمر کا رونا مجھے قبول نہیں
وہ گفتگو جو نگاہوں سے ہوتی رہتی ہے
حدیث نرگس مستانہ ہے فضول نہیں
بہت سے پھول ہیں دامن میں آپ کے لیکن
جسے ہم اپنا کہیں ایسا کوئی پھول نہیں
وہ ایک بت جسے کہتے ہیں شاہکار جمیل
صنم کدے کا خدا ہے مگر رسول نہیں
سراغ جادۂ منزل جو دے گیا ہے فریدؔ
حنا کا رنگ ہے وہ راستے کی دھول نہیں
غزل
ہے داغ داغ مرا دل مگر ملول نہیں
فرید عشرتی