گرتے شیش محل دیکھو گے
آج نہیں تو کل دیکھو گے
اس دنیا میں نیا تماشا
ہر ساعت ہر پل دیکھو گے
کس کس تربت پر روؤ گے
کس کس کا مقتل دیکھو گے
دیر ہے پہلی بوند کی ساری
پھر ہر سو جل تھل دیکھو گے
ہر ہر زخم شجر سے خاورؔ
پھوٹتی اک کونپل دیکھو گے

غزل
گرتے شیش محل دیکھو گے
خاور رضوی