گل بھیک میں لیتے ہیں جس پھول سے رعنائی
ہم کو بھی میسر ہے اس نام سے تنہائی
دونوں کے مقدر کی گردش ہی نرالی ہے
یہ قلب تھکا ہارا وہ لالۂ صحرائی
کیوں خلق کا شوق آیا کوئی کبر سے جا پوچھے
کیا چیز تھی تنہائی؟ کیا خوب تھی یکتائی؟
یک طرفہ محبت کا ہر رنگ نرالا ہے
بیگانہ کرے جگ سے یہ رحمت رسوائی
تڑپے ہیں ملائک بھی وہ قہر تھا آنکھوں میں
دیکھا ترا شیدائی تو موت بھی گھبرائی
دم سادھے وہ شب آیا اک دیپ جلا لایا
تربت پہ اسیروں کی بجتی رہی شہنائی

غزل
گل بھیک میں لیتے ہیں جس پھول سے رعنائی
شجاع