گھر میں بے چینی ہو تو اگلے سفر کی سوچنا
پھر سفر ناکام ہو جائے تو گھر کی سوچنا
ہجر میں امکان اتنے وصل صرف اک واقعہ
وسعت صحرا میں کیا دیوار و در کی سوچنا
یعنی گھر اور دشت دونوں لازم و ملزوم ہیں
قاعدہ یہ ہے ادھر رہنا ادھر کی سوچنا
اس طرح جینا کہ اوروں کا بھرم قائم رہے
موت برحق ہے مگر اس چارہ گر کی سوچنا
زندگی بھر زندہ رہنے کی یہی ترکیب ہے
اس طرف جانا نہیں بالکل جدھر کی سوچنا
تم شجاعؔ خاور ہو دنیا دار اور میں جان دار
میں تو بس آہیں بھروں گا تم اثر کی سوچنا
غزل
گھر میں بے چینی ہو تو اگلے سفر کی سوچنا
شجاع خاور