EN हिंदी
گرد سفر میں راہ نے دیکھا نہیں مجھے | شیح شیری
gard-e-safar mein rah ne dekha nahin mujhe

غزل

گرد سفر میں راہ نے دیکھا نہیں مجھے

ذیشان ساحل

;

گرد سفر میں راہ نے دیکھا نہیں مجھے
اک عمر مہر و ماہ نے دیکھا نہیں مجھے

اچھا ہوا کہ خاک نشینوں کے رو بہ رو
اس شہر کج کلاہ نے دیکھا نہیں مجھے

میں دیکھتا تھا رنگ بدلتی ہوئی نگاہ
بدلی ہوئی نگاہ نے دیکھا نہیں مجھے

میری صدا وہاں پہ تجھے کیسے ڈھونڈتی
تیری جہاں پناہ نے دیکھا نہیں مجھے

ہر موج درد خود میں اتارے چلا گیا
ساحلؔ دل تباہ نے دیکھا نہیں مجھے