EN हिंदी
غیر کو تم نہ آنکھ بھر دیکھو | شیح شیری
ghair ko tum na aankh bhar dekho

غزل

غیر کو تم نہ آنکھ بھر دیکھو

میر حسن

;

غیر کو تم نہ آنکھ بھر دیکھو
کیا غضب کرتے ہو ادھر دیکھو

خاک میں مت ملاؤ دل کو مرے
جی میں سمجھو ٹک اپنا گھر دیکھو

دیکھنا زلف و رخ تمہیں ہر وقت
شام دیکھو نہ تم سحر دیکھو

گل ہوئے جاتے ہیں چراغ کی طرح
ہم کو ٹک جلد آن کر دیکھو

آپ پہ اپنا اختیار نہیں
جبر ہے ہم پر کس قدر دیکھو

رام باتوں میں تو وہ ہو نہ سکا
نقش و افسوں بھی کوئی کر دیکھو

لخت دل تم نہ سمجھو مژگاں پر
عاشقی کا یہ ہے ثمر دیکھو

وصل ہوتا نہیں بھلا کیوں کر
اپنی ہستی سے تو گزر دیکھو

دیکھتے ہی نہیں تو کیا کہیے
کہیے تب حال کچھ اگر دیکھو

ڈھلتے ہو تم بتاں ادھر دل سے
آج کل جس کے ہاتھ زر دیکھو

عشق بازی سے باز آؤ حسنؔ
چھوڑ دو اپنا یہ ہنر دیکھو