فضائے عالم قدسی میں ہے نشو و نما میری
مکافات عمل سے دور ہے بیم و رجا میری
شریعت ہے ازل سے مہر پیمان وفا میری
طریقت خاتم احرام تسلیم و رضا میری
حقیقت ہے سواد خاطر بے مدعا میری
حریم معرفت دع ما کدر خود نا صفا میری
تری ذات مقدس ہے مبرا شرک غیری سے
کہ نور ذات میں سایہ صفت ہستی ہے لا میری
جمال لا یزالی شش جہت سے رونما دیکھا
بنی آئینہ دار حسن چشم حق نما میری
کسی کا حسن طور افروز محو لن ترانی ہے
دلیل نیستی ہے ہستی عشق و فنا میری
شہود حق ہے ما بین غیوب اک جلوۂ قدرت
حیات جاوداں ہے ابتدا اور انتہا میری
ازل سے محو دیدار جمال جلوہ آرا ہوں
نظر با لغیر ہو گر ہو نظر میں ماسوا میری
حدیث عشق بالاتر ہے حرف و صوت سے ساحرؔ
کہاں میں اور کہاں تقدیر فکر نارسا میری
غزل
فضائے عالم قدسی میں ہے نشو و نما میری
ساحر دہلوی