ایک تھا شخص زمانہ تھا کہ دیوانہ بنا
ایک افسانہ تھا افسانے سے افسانہ بنا
اک پری چہرہ کہ جس چہرے سے آئینہ بنا
دل کہ آئینہ در آئینہ پری خانہ بنا
خیمۂ شب میں نکل آتا ہے گاہے گاہے
ایک آہو کبھی اپنا کبھی بیگانہ بنا
ہے چراغاں ہی چراغاں سر عارض سر جام
رنگ صد جلوۂ جانانہ صنم خانہ بنا
ایک جھونکا ترے پہلو کا مہکتی ہوئی یاد
ایک لمحہ تری دل داری کا کیا کیا نہ بنا
غزل
ایک تھا شخص زمانہ تھا کہ دیوانہ بنا
مخدومؔ محی الدین