دنیا میں کچھ اپنے ہیں کچھ بیگانے الفاظ
کس کو اتنی فرصت ہے جو پہچانے الفاظ
ریگ علامت میں بھی جل کر پا نہ سکے مفہوم
صحرائے معنی میں بھی بھٹکے انجانے الفاظ
دشت ازل سے دشت ابد تک چھان چکا میں خاک
اور کہاں لے جائیں گے اب بھٹکانے الفاظ
بے معنی ماحول میں رہ کر ذہن ہوا ماؤف
مجھ کو بھی پاگل کر دیں گے دیوانے الفاظ
اکثر آدھی رات میں لے کر کچھ پتھریلے خواب
شیشۂ ذہن سے آ جاتے ہیں ٹکرانے الفاظ
شعر و سخن کے مے خانے کا میں ہوں اک مے خوار
میرے لئے بادہ ہے تخیل پیمانے الفاظ
کیفؔ کبھی اک شعر میں ڈھلنا ہوتا ہے دشوار
اور کبھی خود بن جاتے ہیں افسانے الفاظ
غزل
دنیا میں کچھ اپنے ہیں کچھ بیگانے الفاظ
کیف احمد صدیقی