EN हिंदी
دیے سے یوں دیا جلتا رہے گا | شیح شیری
diye se yun diya jalta rahega

غزل

دیے سے یوں دیا جلتا رہے گا

گلزار بخاری

;

دیے سے یوں دیا جلتا رہے گا
اجالا پھولتا پھلتا رہے گا

نہیں ہے بانجھ آوازوں کی دھرتی
صداؤں کا نسب چلتا رہے گا

سکوں ہو بحر میں یا ہو تلاطم
گہر تو سیپ میں پلتا رہے گا

زمیں پر بارشیں ہوتی رہیں گی
سمندر ابر میں ڈھلتا رہے گا

نہ باز آئے گا غفلت سے بھی انساں
کف افسوس بھی ملتا رہے گا

چھپاؤ گے اگر گلزارؔ خود کو
وجود اپنا تمہیں کھلتا رہے گا