EN हिंदी
دن میں پریاں کیوں آتی ہیں | شیح شیری
din mein pariyan kyun aati hain

غزل

دن میں پریاں کیوں آتی ہیں

محمد علوی

;

دن میں پریاں کیوں آتی ہیں
ایسی گھڑیاں کیوں آتی ہیں

اپنا گھر آنے سے پہلے
اتنی گلیاں کیوں آتی ہیں

باہر کس کا ڈر لگتا ہے
گھر میں چڑیاں کیوں آتی ہیں

دن کیوں ننگے ہو جاتے ہیں
راتیں عریاں کیوں آتی ہیں

شعر میں الٹی سیدھی باتیں
بول مری جاں کیوں آتی ہیں

علویؔ قبروں تک جانے میں
بھول بھلیاں کیوں آتی ہیں