EN हिंदी
دل میں تیرے خیال کی خوشبو | شیح شیری
dil mein tere KHayal ki KHushbu

غزل

دل میں تیرے خیال کی خوشبو

منور ہاشمی

;

دل میں تیرے خیال کی خوشبو
ہجر میں ہے وصال کی خوشبو

دل کے جذبے جوان رکھتی ہے
تیرے حسن و جمال کی خوشبو

کاش تیرے جواب سے آئے
میرے ہر اک سوال کی خوشبو

کاش تجھ کو بھی ہو کبھی محسوس
میرے نا گفتہ حال کی خوشبو

مجھ کو اپنے زوال میں سے بھی
آ رہی ہے کمال کی خوشبو

ہم فقیروں سے دور رہتی ہے
حشمت و جاہ و مال کی خوشبو

پھول سے آ رہی ہے جو سب کو
اصل میں ہے نہال کی خوشبو

ایک پودے کے پھول ہیں لیکن
ہے جدا ڈال ڈال کی خوشبو

ہے منورؔ تمہارے ہونٹوں میں
اک پری رخ کے خال کی خوشبو